05 جنوری ، 2018
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ اور مومن آباد میں رینجرز اور پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 16 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق سی ٹی ڈی اور رینجرز نے 2 روز قبل بلدیہ قائم خانی کالونی میں مقابلے کے دوران فرار ہونے والے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔
ترجمان کے مطابق اس دوران ملزمان کی جانب سے رینجرز پر فائرنگ کی گئی۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد رینجرز اور سی ٹی ڈی نے 16 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، بلاک بم اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے، جن کی شناخت رفیع اللہ عارف عرف قاری، عبدالماجد عرف مفتی، یونس عرف انس اور محمد رزاق عرف شل دادا کے نام سے کی گئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کو سی ٹی ڈی کےحوالے کردیا گیا ہے۔