03 جنوری ، 2018
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور رینجرز سے مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے 3 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔
بلدیہ ٹاؤن کے علاقے قائم خانی کالونی میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی۔
رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے پہنچنے پر مبینہ دہشت گردوں نے فائرنگ کی اور جوابی فائرنگ میں 3 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔
مبینہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 رینجرز اور ایک سی ٹی ڈی اہلکار زخمی بھی ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق اردو بازار میں مرنے والے دہشت گردوں سے تھا، یاد رہے کہ اپریل 2017 میں اردو بازار میں ہونے والے مقابلے میں 5 مبینہ دہشت گرد مارے گئے تھے، جس سے دہشت گردوں کا گینگ ٹوٹ گیا تھا۔
انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق ملزمان شہر میں تخریب کاری کی کوشش کررہے تھے تاہم رینجرز اور پولیس کے چھاپوں سے ملزمان سالِ نو پر تخریب کاری نہیں کرسکے۔
مظہر مشوانی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے۔
مبینہ دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، بلاک بم اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ بلاک بم کا وزن 7 سے 8 کلو تھا، جس میں بال بیرنگ بھی استعمال کیے گئے تھے، جسے ریموٹ کنٹرول دھماکے سے ضائع کردیا گیا۔