بہادر آباد کے 2 نوجوانوں کو جانور پالنے کا اتنا شوق تھا کہ انہوں نے اپنے گھر میں ہی چھوٹا سا چڑیا گھر بنا ڈالا۔
06 جنوری ، 2018
کہتے ہیں شوق کا کوئی مول نہیں اور اکثر لوگ اپنے شوق کی خاطر نامعلوم کیا کیا کرجاتے ہیں۔
کراچی کے علاقے بہادر آباد کے 2 نوجوانوں کو بھی جانور پالنے کا اتنا شوق تھا کہ انہوں نے اپنے گھر میں ہی چھوٹا سا چڑیا گھر بنا ڈالا۔
علیم اور عاصم کو ان بے زبان جانوروں سے اتنی محبت ہے کہ وہ انہیں خود سے جدا نہیں ہونے دیتے اور انہوں نے اپنے گھر میں بہت محبت سے جانور پال رکھے ہیں۔
بہادرآباد کے اس گھر میں بنائے گئے 'منی چڑیا گھر' میں 40 کے قریب جانور موجود ہیں، جن میں شتر مرغ، ٹرکی، بندر، مگرمچھ، مور، سانپ اور دیگر جانور اور پرندوں کے ساتھ نایاب نسل کے پہاڑی دنبے اور جیگوا کی نسل کی فشنگ کیٹ بھی شامل ہے۔
علیم کو بچپن سے ہی جانور پالنے کا شوق تھا، ان کا کہنا ہے کہ اپنے پالتو جانوروں کے ساتھ وقت گزارنے سے ساری تھکاوٹ دور ہوجاتی ہے۔
علیم کے مطابق وہ اپنے سارے کام کرنے کے بعد ان جانوروں کے ساتھ وقت گزارنا پسند کرتے ہیں۔
دوسری جانب عاصم کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ان خاص دوستوں کی دیکھ بھال بہت دل سے کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ان جانوروں کو خوراک کے ساتھ ساتھ ڈی ہائیڈریشن کی صورت میں او آر ایس اور چینی کا پانی بھی دیتے ہیں۔
ایک ایسے معاشرے میں جہاں بے زبان جانوروں کو کوئی خاص توجہ نہیں دی جاتی، ان نوجوانوں کی جانوروں سے محبت واقعی بے مثال ہے۔