06 جنوری ، 2018
بشریٰ مانیکا کے بیٹے موسیٰ مانیکا نے اپنی والدہ کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ شادی کی تردید کر دی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’لیکن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے موسیٰ مانیکا کا کہنا تھا کہ میری والدہ کی عمران خان کے ساتھ شادی کی خبر درست نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے میری اپنی والدہ سے بھی بات ہوئی ہے اور انہوں نے بھی اس خبر کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ڈی ایچ اے لاہور میں فرح جبین نامی خاتون کے گھر ہونے والی تقریب کے حوالے سے موسیٰ مانیکا کا کہنا تھا کہ فرح نامی خاتون کے گھر ایسی کوئی تقریب انجام نہیں پائی۔
موسیٰ مانیکا نے اپنے والدین کے درمیان علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ میری والدہ ہیں اور میں جانتا ہوں کہ وہ کیا قدم اٹھا سکتی ہیں۔
دی نیوز کے صحافی عمر چیمہ کا ’لیکن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں 100 نہیں 200 فیصد پراعتماد ہوں کہ عمران خان نے تیسری شادی کر لی ہے اور یہ شادی بشریٰ مانیکا کے ساتھ ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ دی نیوز کے سینئر صحافی عمر چیمہ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ عمران خان نے یکم جنوری کو لاہور میں شادی کی اور ان کا نکاح پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے رکن مفتی سعید نے پڑھایا۔
تحریک انصاف کے رہنما عون چوہدری اور نعیم الحق نے عمران خان کی شادی کی خبروں کو غلط قرار دیا ہے جبکہ شیریں مزاری، چوہدری سرور اور محمود الرشید کا کہنا ہے کہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے۔