09 جنوری ، 2018
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے قابل اعتماد بیٹسمین مارٹن گپٹل کے ایک پاؤں کی تین انگلیاں نہیں ہیں لیکن پھر بھی ان کا فُٹ ورک کمال کا ہے۔
جب وہ بیٹنگ کے لیے کریز پر آتے ہیں تو پاؤں مارٹن گپٹل کے نہیں بلکہ سامنے موجود بولرز کے کانپ جاتے ہیں۔
پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں بھی انہوں نے ناقابل شکست 86 رنز کی اننگز کھیلی۔
13 سال کی عمر میں ایک کی وجہ سے ان کے بائیں پاؤں کی تین انگلیاں کاٹنا پڑی تھیں، پہلے ڈاکٹرز نے ان کے پیر کی انگلیوں کو بچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن جب یہ ممکن نہ ہوا تو انگلیاں کاٹنے کا فیصلہ کیا گیا۔
کرکٹ مارٹن گپٹل کا جنون تھا لیکن اس موقع پر انہیں اپنا خواب چکنا چور ہوتا نظر آیا۔
اسپتال میں موجود مارٹن گپٹل نے آپریشن سے قبل اپنے والدین سے کہا کہ وہ اس وقت کے کیوی کپتان اسٹیفن فلیمنگ سے ملنا چاہتے ہیں۔
اُس وقت کے کیوی کپتان اسٹیفن فلیمنگ، مارٹن گپٹل کی خواہش پر ان سے ملنے اسپتال پہنچے، اسٹیفن فلیمنگ نے مارٹن گپٹل کی انگلیاں کٹ جانے کے باوجود ان کی ہمت بندھائی اور کرکٹ جاری رکھنے کی تقلین کی۔
اس واقعے کے 10 سال بعد مارٹن گپٹل نے نیوزی لینڈ کی جانب سے اپنا ون ڈے ڈیبیو کیا اور سنچری داغ دی، وہ ڈیبیو پر سنچری بنانے والے پہلے کیوی کھلاڑی بن گئے۔
سنچری کے ساتھ ساتھ مارٹن گپٹل ون ڈے میں ڈبل سنچری بھی داغ چکے ہیں۔
مارٹن گپٹل بیٹنگ ہی نہیں بلکہ فیلڈنگ بھی کمال کی کرتے ہیں اور باؤنڈری لائن پر اب تک وہ کئی بہترین کیچز پکڑ کر شائقین کو حیران کرچکے ہیں۔