شعیب ملک نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینیئر آل راؤنڈر شعیب ملک نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اُن کے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو نیوزی لینڈ نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ویلنگٹن میں پاکستان ٹیم کے منیجر طلعت علی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کے فزیو تھراپسٹ وب سنگھ اور شعیب ملک کی موجودگی میں اُن کی میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آل راؤنڈر کو کھلانے یا نہ کھلانے کے حوالے سے مشاورت کی۔

رپورٹ کی روشنی میں یہ طے کیا گیا کہ شعیب ملک کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آرام دیا جائے کیوں کہ ڈاکٹرز نے بھی شعیب ملک کے تمام ٹیسٹ کے بعد یہی مشورہ دیا ہے کہ شعیب ملک کو 7 سے 10 دن آرام کی ضرورت ہے۔

اس فیصلے کے بعد شعیب ملک کو وطن واپس بھیجا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ شعیب ملک کو ہیملٹن کے تیسرے ون ڈے میں فیلڈر کی تھرو سر پر لگ گئی تھی جس کے بعد اُن کو میدان میں ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی تھی اور انہوں نے اپنی بیٹنگ جاری رکھی تھی۔

بیٹنگ کے بعد بہتر محسوس نہ کرنے کے سبب اُنہوں نے فیلڈنگ نہیں کی تھی۔

ٹیم منجمنٹ نے یہ بھی طے کیا کہ شعیب ملک کے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو نیوزی لینڈ نہیں بلایا جائے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا پہلا میچ 22 جنوری دوسرا 25 اور تیسرا 28 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :