31 جنوری ، 2018
کراچی: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے راؤ انوار کی گرفتاری پر بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کوئی ڈیڈ لائن دینے سے انکار کردیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر میڈیا نمائندوں نے آئی جی سندھ سے سوالات کیے اور ان سے راؤ انوار کی عدم گرفتاری کی وجہ جاننے کی کوشش کی۔
صحافی کے سوال پر کہ راؤ انوار کال کررہے ہیں لیکن گرفتار کیوں نہیں ہورہے؟ آئی جی سندھ نے جواب دیا کہ ہمارے پاس واٹس ایپ کال ٹریس کرنے کا کوئی نظام نہیں۔
میڈیا نمائندوں نے آئی جی سندھ سے پوچھا کہ راؤ انوار ایئرپورٹ سے کس طرح نکل گئے؟ اے ڈی خواجہ نے کہا کہ اس کا جواب اسلام آباد ائیر پورٹ سے لیں۔
اے ڈی خواجہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کیس درج کرلیا ہے، جو قانونی کارروائی کرنا تھی کرلی لیکن گرفتاری پر کوئی تاریخ نہیں دے سکتا۔
یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے آئی جی سندھ کی استدعا پر انہیں 27 جنوری کے روز راؤ انوار کی گرفتاری کےلیے تین روز کی مہلت دی تھی لیکن نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد روپوش معطل ایس ایس پی راؤ انوار کو پولیس اب تک گرفتار نہیں کرسکی ہے۔