پاکستان
Time 02 فروری ، 2018

لودھراں کے ضمنی الیکشن میں امن و امان کی ذمہ داریاں پاک فوج کے سپرد

لودھراں سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 154 کے ضمنی الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 154 پر ضمنی الیکشن کے دوران حلقے میں امن و امان کی ذمہ داری فوج کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پاک فوج کے اہلکار حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات ہو گی اور فوج کے انچارج افسر کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات حاصل ہوں گے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے حلقے میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اقبال شاہ کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو مقررہ سائزسے بڑے انتخابی بینرز اور ہورڈنگز فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیتے ہوئے 3 فروری کو ڈی آر او لودھراں کے دفتر میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے گزشتہ برس دسمبر میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی درخواست پر تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کو آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت تاحیات نااہل قرار دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں جہانگیر ترین کو ڈی سیٹ کرتے ہوئے حلقے میں 12 فروری کو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :