Time 09 فروری ، 2018
پاکستان

ملبوسات اسٹور کے ٹرائی روم میں خفیہ کیمرہ: ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے انسپکشن کمیٹی بنادی


فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے ایک مشہور برانڈ کے ملبوسات اسٹور کے خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمرے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی انسپکشن کمیٹی بنادی۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق کمیٹی تمام شاپنگ مالز کی انسپکشن کرکے رپورٹ پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل پیپلز کالونی میں ایک غیرملکی ملبوسات برانڈ کے خواتین ٹرائی روم میں خفیہ کیمرہ لگائے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

ایک فیملی کے سربراہ نے انتظامیہ سے شکایت کی جبکہ اپنے موبائل فون میں اُس کیمرے کی تصویر بھی دکھائی، لیکن اسٹور انتظامیہ نے اس کا موبائل فون ہی چھین لیا تھا، جس پر خریدار نے پولیس کو شکایت کی تھی۔

جس کے بعد پولیس نے مذکورہ اسٹور پر چھاپہ مار کر 2 ملازمین کو گرفتار کرلیا تھا۔

دوسری جانب اسٹور مالک اور مینیجر سمیت 4 افراد کے خلاف واقعہ کا مقدمہ درج کیا گیا اور بعدازاں اسٹور مینیجر کو بھی گرفتار کرلیا گیا، تاہم مقدمے میں نامزد اسٹور مالک سمیت 2 ملزمان اب تک فرار ہیں۔

گرفتار ملزمان سے تفتیش کے بعد بھی پولیس کوئی قابل ذکر معلومات حاصل نہیں کرسکی۔

پولیس کے مطابق ملزمان ٹرائی روم میں ایک گتے کے ڈبے میں سوراخ کرکے موبائل فون کو بطور کیمرہ استعمال کرتے تھے۔

دوسری جانب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے تمام اسٹورز کی چیکنگ کا فیصلہ کیا ہے  اور ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر 4 رکنی انسپکشن کمیٹی بنادی گئی ہے۔

خفیہ کیمروں کا کیسے پتہ لگائیں؟

اکثر خواتین کپڑوں کی خریداری کے دوران گارمنٹ شاپ کے 'ٹرائی روم' کا بلا جھجک استعمال کرتی ہیں اور انہیں اس بات کا بالکل احساس نہیں ہوتا کہ اس کمرے میں بھی خفیہ کیمرے ہو سکتے ہیں۔

لہذا کسی بھی اسٹور میں کپڑوں کی خریداری کے دوران ٹرائل روم کے خفیہ کیمروں پر نظر رکھنا بہت ضروری ہے۔

سوال یہ ہے کہ یہ کیسے معلوم کیا جائے کہ یہاں کیمرے ہیں؟ اس کے چند طریقے ہیں۔

نمبر ایک: کمرے میں جانے کے بعد سب سے پہلے اچھی طرح دیکھ لیں کہ کہیں کیمرا تو نہیں۔

نمبر دو: یہ دیکھیں کہ کمرے میں کتنے آئینے لگے ہیں۔

نمبر تین: آپ آئینے کو اپنی انگلی سے چھو کر دیکھیں، آپ کو اپنی انگلی کا عکس آئینے میں نظر آئے گا، اگر آپ کی انگلی اور اس عکس کی انگلی میں گیپ (فاصلہ) ہے تو اس کا مطلب وہ آئینہ صحیح ہے۔

نمبر چار: اگر آپ کی انگلی کا عکس اور آئینے میں بننے والا عکس آپس میں ٹچ ہو جاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ دوہرا شیشہ ہے آئینہ نہیں ہے، یعنی وہ ایک طرف دیکھنے میں آئینہ ہوگا اور دوسری طرف ٹرانسپیرنٹ شیشہ ہوگا، جس کا مطلب یہ کہ آپ کو کہیں بیٹھے لوگ دیکھ رہے ہیں۔

نمبر پانچ: اپنے فون کا انٹرنیٹ اوپن کرکے دیکھیں، اگر کمرے میں خفیہ کیمرا ہوگا تو آپ کا پیچ ٹھیک سے اوپن نہیں ہوگا۔

نمبر چھ: آپ اپنے موبائل سے کسی کو کال کرکے دیکھیں، اگر کال نہ ملے تو کمرے میں خفیہ کیمرے کے بہت امکانات ہیں۔

مزید خبریں :