پاکستان
Time 10 فروری ، 2018

بلین ٹری منصوبہ مکمل کرلیا، ایک ارب 12 کروڑ درخت لگائے، عمران خان


چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں درخت لگانے کا منصوبہ مکمل کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں کو بلین ٹری سونامی منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے عمران کان نے کہا کہ بلین ٹری سونامی منصوبے سے متعلق پروپیگنڈا کیا جارہا ہے،منصوبے سے آنے والی نسلوں کو ماحولیاتی تبدیلی سے محفوظ کیا جاسکتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 3 سال کے دوران ایک ارب 12 کروڑ درخت لگائے،بلین ٹری سونامی اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے جس سے پانچ لاکھ لوگوں کو روزگارملا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں پاکستان ساتویں نمبر ہے، پنجاب میں راجن پور، چیچہ وطنی، چھانگا مانگا اور کندیاں کے جنگلات ختم ہو چکے ہیں،بدقسمتی کی بات ہے حکومت پنجاب نے اس اہم ترین مسئلے پر توجہ نہیں دی۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ بلین ٹری سونامی واحد منصوبہ ہے جس کی کامیابی پر عالمی ماحولیاتی اداروں نے مہر تصدیق ثبت کی، اگلے مرحلے میں دیگر شہروں میں بھی یہ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل سرکاری دستاویز منظر عام پر آئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ صوبے میں صرف 22 کروڑ 14 لاکھ درخت لگائے گئے۔

سرکاری دستاویز کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن میں 11 کروڑ 18 لاکھ 12 ہزا ر 225 جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں ایک کروڑ 21 لاکھ 23 ہزار 958 پودے لگائے گئے ہیں۔

مزید خبریں :