بھارتی میگا بجٹ فلم ’2.0‘ کی ریلیز ایک بار پھر مؤخر

—فوٹو:فائل

بھارت کی میگا بجٹ فلم ’2.0‘ کی ریلیز ایک مرتبہ پھر مؤخر گئی ہے۔

لیجنڈری اداکار رجنی کانت اور اکشے کمار کی سائنس فکشن فلم ’2.0‘ بھارت کی سب سے بڑے بجٹ والی فلم ہے جس پر 450 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔

میگا بجٹ فلم کا مداحوں کو بڑی شدت سے انتظار ہے جس میں رجنی کانت اور اکشے کمار کے کئی روپ مداحوں کو دیکھنے کو ملیں گے۔

لیکن لگتا ہے کہ مداحوں کو ایک بار پھر سائنس فکشن فلم کا طویل انتظار کرنا ہوگا۔ فلم کی نمائش پانچویں دفعہ آگے بڑھادی گئی ہے۔

گزشتہ سال فلم ’2.0‘ کی نمائش کی تاریخ 26 جنوری رکھی گئی تھی لیکن اکشے کمار کی فلم ’پیڈمین‘ کے باعث فلم کی ریلیز 27 اپریل رکھی گئی تاہم اب ایک بار پھر یہ تاریخ بدل دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی مقامی فلم نگری (تامل) رجنی کانت کی فلم کی اپریل میں ریلیز سے ناخوش تھے جس کی وجہ کئی بڑی فلموں کی اسی ماہ نمائش ہے۔

میگا اسٹار رجنی کانت کے داماد اداکار دنوش نے ٹوئٹر پر رجنی کانت کی ایک اور فلم ’کالا‘ کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے 27 اپریل کو فلم کی نمائش کا اعلان کیا ہے جس کے بعد فلم ’2.0‘ کی نمائش مؤخر ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

رجنی کانت اور اکشے کمار کی فلم ’2.0‘ کی نمائش کا حتمی اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

مزید خبریں :