Time 13 فروری ، 2018
پاکستان

قصور ویڈیو اسکینڈل کیس: 3 ملزمان کو عمر قید کی سزا


لاہور: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قصور ویڈیو اسکینڈل کیس میں 3 ملزمان کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔

لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں قصور ویڈیو اسکینڈل کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران خصوصی عدالت نے ملزم حسیم احمد، وسیم سندھی اور علیم آصف کو 3,3 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا بھی سنائی۔

واضح رہے کہ قصور ویڈیو اسکینڈل 2015 میں سامنے آیا تھا، جب قصور کے گاؤں حسین خان والا میں سیکڑوں بچوں سے بدفعلی کا شور اٹھا اور ویڈیوز بھی سامنے آئیں اور اسی گاؤں کے ایک خاندان پر 284 لڑکوں سے بد فعلی کا الزام لگا، جس کے بعد وزیراعظم کے حکم پر ڈی آئی جی ابوبکر خدابخش کی سربراہی میں 5 رکنی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے واقعے کی تحقیقات کیں۔

اس معاملے کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے 20 بچوں کے متاثر ہونے کی تصدیق کی ۔ تاہم، انسانی حقوق کے ادارے ایچ آر سی پی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ اس اسکینڈل میں متاثرہ بچوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

اس سے قبل 2016 میں بھی دو ملزمان کو عمرقید کی سزا سنائی جاچکی ہے۔

مزید خبریں :