مشکلات کے باوجود بھی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ جاری

بالی وڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور امیتابھ بچن کی آنے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘کو کئی حوالوں سے مشکلات کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود بھی فلم کی شوٹنگ جاری ہے۔

دکن کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن ابھی تک پوری طرح صحت یاب نہیں لیکن پھر بھی انہوں نے فلم کے سیٹ پر واپسی کرلی ہے۔

واضح رہے کہ 3 دن قبل امیتابھ بچن کو طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

دوسری جانب شوٹنگ کے دوران فلم کے ایک کیمرا مین جمی جِب بھی زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جب کہ فلم کے کچھ ٹیم ممبرز کی بھی طبیعت خراب ہے۔

اس سب کے باوجود ٹیم نے فلم کا شیڈول مد نظر رکھتے ہوئے اسے مکمل کرنے کی ٹھان رکھی ہے، کیونکہ ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ کے اختتام پذیر ہونے میں صرف 10 دن باقی ہیں۔

فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ 130 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنائی جا رہی ہے جو رواں برس 7 نومبر کو دیوالی کے موقع پر ریلیز ہوگی۔

اس فلم میں پہلی مرتبہ بالی وڈ کے تینوں خانز کو ایک ساتھ دیکھا جاسکے گا، جبکہ اداکارہ کترینہ کیف اور فاطمہ ثنا شیخ بھی فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں۔


مزید خبریں :