14 فروری ، 2018
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مزید 2 ضمنی ریفرنسز دائر کردیے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں نیب کی جانب سے فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ اسٹیل ملز سے متعلق ضمنی ریفرنسز دائر کیے گئے ہیں۔
نیب نے دونوں ضمنی ریفرنسز میں 8،8 نئے گواہ شامل کیے ہیں دونوں ریفرنسز میں نواز شریف سمیت ان کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز بھی ملزم نامزد ہیں۔
حسن اور حسین نواز کی آف شور کمپنیوں کی نئی تفصیلات بھی ضمنی ریفرنسز کا حصہ ہیں۔
خیال رہے کہ 22 جنوری کو نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت ان کے خاندان کے 5 افراد کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیز کے سلسلے میں ایک ضمنی ریفرنس دائر کیا تھا۔
ایون فیلڈ پراپرٹیز سے متعلق ضمنی ریفرنس میں استغاثہ کے 7 نئے گواہ شامل کیے گئے جن میں سے 2 گواہوں کا تعلق برطانیہ سے ہے۔
کیس کا پس منظر
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق تھے۔
نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس (لندن فلیٹس) ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا۔
دوسری جانب العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔