Time 20 فروری ، 2018
کھیل

پی ایس ایل 3 کے بعد پیٹرسن کا کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ

مایہ ناز انگلش بلے باز کیون پیٹرسن پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کے اختتام پر ہر طرز کی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیں گے۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے بیٹے کےساتھ تصویر میں کہی جس میں وہ اپنے بیٹے کو گلے لگاکر الوداع کہہ رہے ہیں۔

پیٹرسن کا کہنا ہے کہ یہ آخری مرتبہ تھا کہ جب انہوں نے اپنی فیملی کو الوداع کہا، انہیں ہمیشہ سے الوداع کہنے سے نفرت تھی لیکن کام کرنا بھی ضروری تھا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 3، 4 ہفتوں کے دوران وہ پیشہ وارانہ انداز میں میدان میں اتریں گے پھر اس کے بعد کھیل کو ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیں گے۔

پیٹرسن کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کریئر کے دوران خوب انجوائے کیا لیکن بار بار کے سفر کرنے اور الوداع کہنے سے وہ تھک چکے ہیں۔

اس سے قبل آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش کے دوران بھی انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا۔

2005 ایشز کے دوران ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے پیٹرسن کا کریئر اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔

انگلینڈ بورڈ کے ساتھ ان کے تعلقات کچھ زیادہ اچھے نہ تھے جس کی وجہ سے انہیں 2013 میں ٹیم سے نکال دیا گیا تھا۔

بعدازاں انہوں نے دنیا بھر کی مختلف ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور شائقین کے دلوں میں گھر کرلیے۔

وہ پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہیں۔

مزید خبریں :