24 فروری ، 2018
سرگودھا: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کو سرگودھا کے میئر کی جانب سے ہیروں جڑا 20 تولہ سونے کا تاج پہنایا گیا۔
مریم نواز سرگودھا میں پارٹی کے سوشل میڈیا کنونشن سے خطاب کرنے پہنچیں تو اس موقع پر میئر سرگودھا ملک نوید اسلم کی جانب سے مریم نواز کی تاج پوشی کی گئی اور انہیں ہیروں جڑا 20 تولہ سونے کا تاج پہنایا گیا۔
میئر سرگودھا ملک نوید اسلم نے کہا کہ یہ تاج سرگودھا کے عوام کی طرف سے تحفہ ہے جس پر مریم نواز نے میئر سرگودھا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تاج کو یتیم بچوں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے ایک ادارے کو عطیہ کردیں گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل سابق شیخوپورہ میں بھی مریم نواز کو انجمن تاجران شیخوپورہ کی جانب سے پانچ تولہ سونے کا خصوصی تاج پیش کیا گیا تھا۔
کمپنی باغ سرگودھا میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے مریم نواز کے خطاب کے لیے اسٹیج اور پنڈال تیار کیا گیا تھا اور انتظامات کو بھی حتمی شکل دی گئی تھی۔
مسلم لیگ (ن) کے زیرِ اہتمام ہونے والے سوشل میڈیا کنونشن میں شرکت کے لیے کارکنوں میں جوش و جذبہ اپنے عروج پر تھا۔
پنڈال میں سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے علاوہ مقامی قائدین کی قد آور تصاویر بھی نصب کی گئی تھیں۔