24 فروری ، 2018
نارووال : وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال پر ورکرز کنونشن کے دوران ایک نوجوان کی جانب سے جوتا پھینکا گیا تاہم خوش قسمتی سے جوتا احسن اقبال کو نہیں لگا۔
نارووال میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرنے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال اسٹیج پر پہنچے تو بلال حارث نامی ایک شخص نے ان کی طرف جوتا پھینکا۔
خوش قسمتی سے احسن اقبال کو جوتا نہیں لگا اور ان کے برابر میں کھڑا شخص اس کا نشانہ بن گیا، اس واقعے کے بعد وہ تقریر ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔
پولیس نے جوتا پھینکنے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے تاہم احسن اقبال نے جوتا پھینکنے والے شخص کیخلاف قانونی کارروائی سے روک دیا جس کے بعد اسے چھوڑ دیا ہے۔
خیال رہے کہ 5 فروری 2018 کو اسلام آباد میں جاری محسود قبائل کے دھرنے میں مشتعل افراد نے پیپلزپارٹی کے وفد پر بھی جوتے اور بوتلیں پھینکی تھیں۔
اس دھرنے میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما اور وفود شرکت کے لیے آرہے تھے اور جب پیپلزپارٹی کے نمائندہ وفد نے عامر فدا پراچا کی سربراہی میں دھرنے میں شرکت کی اور جیسے ہی وہ تقریر کے لیے اسٹیج پر پہنچے تو مشتعل مظاہرین نے ان کی طرف جوتے اور پانی کی بوتلیں پھینکیں تاہم وہ محفوظ رہے اور ان کی زد میں نہیں آئے۔