Time 25 فروری ، 2018
پاکستان

کراچی: شارع فیصل پر سرعام فائرنگ کرنے والے نوجوان کیخلاف مقدمہ درج

فائل فوٹو

کراچی کے علاقے شارع فیصل پر نشے کی حالت میں فائرنگ کرنے والا ملزم عدنان پاشا اب تک گرفتار نہ ہوسکا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان پاشا کے گھر تالا ہے اور وہ اہلیہ اور بہن کو لے کر فرار ہوگیا ہے۔

فائرنگ کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد آئی جی سندھ اور وزیرداخلہ نے نوٹس لیا تھا اور اب بہادرآباد تھانے میں ملزم کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ سرکار کی مدعیت میں خوف و ہراس پھیلانے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا  جبکہ ملزم عدنان پاشا کی سامنے آنے والی تیسری ویڈیو میں اس کا کہنا ہے کہ اس نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلج نہیں کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لئے گلستان جوہر بلاک 11 میں اس کے سسرال کے گھر چھاپا مارا تاہم وہاں موجود نہیں تھا جب کہ کارروائی کے دوران ملزم کے دو برادر نسبتی اور 5 افراد کو پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لے لیا۔

واضح رہے کہ نوجوان نے کراچی کی اہم ترین سڑک شارع فیصل پر رات کے اوقات میں سرعام فائرنگ کی جس کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی تھی۔

نوجوان نے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کیا تھا اور اس دوران اپنا نام ’عدنان پاشا‘ بتایا تھا۔

اس کے بعد عدنان نے دوسری ویڈیو اپ لوڈ کی تھی جس میں اس نے کہا تھا کہ اس نے ایسی حرکت غصے میں کی اور اسے اپنے والد کی موت کا غصہ ہے جسے اس کے مطابق ذیشان نامی شخص نے مروایا۔

ویڈیو میں ملزم عدنان سعید نے کئی بار ذیشان سعید نامی شہری کا نام لے کر اسے دھمکایا تھا جس کے بعد ذیشان سعید نے شارع فیصل پولیس کو اپنا بیان بھی ریکارڈ کروا دیا ہے۔

ذیشان کا کہنا ہے کہ اس کی پہلے ملزم عدنان سے دوستی تھی لیکن اب تعلقات خراب ہیں۔

ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والا نوجوان رینٹ اے کار کا کام کرتا ہے۔

گزشتہ روز وزیر داخلہ سندھ نے حکم دیا کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے اس کے خلاف تحقیقات کی رپورٹ بھی ارسال کی جائے۔

دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو شہری کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیا۔

مزید خبریں :