گھر اپنا ہے تو بنی گالا کا جعلی سرٹیفکیٹ بنانے کی کیا ضرورت ہے،عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں بنی گالا کی اراضی کا جعلی سرٹیفکیٹ بنانے کی کیا ضرورت ہے جب کہ گھر ہی اُن کا اپنا ہے۔

عمران خان نے ایک بار پھر انتخابات میں اپنی کامیابی کی پیش گوئی بھی کردی اور کہا کہ اقتدار میں آکر وہ سب سے پہلے سینیٹ کے انتخابات کا طریقہ کار بدلیں گے، سینیٹ کا الیکشن براہ راست کرائيں گے اور وہ سسٹم ہی بدل دیں گے جو ہارس ٹریڈنگ کی اجازت دیتا ہے۔

بنی گالا اراضی کے جعلی سرٹیفکیٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ جعلی سرٹیفکیٹ کی کیا ضرورت جب کہ گھر ہی میرا اپنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی طورر پر پاکستان آج جتنا کمزور ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھا،کبھی بھی پاکستان اتنا مقروض نہیں تھا، اُوپر سارے منی لانڈرر بیٹھے ہیں، وزیر خزانہ ملک سے بھاگا ہوا ہے، موجودہ وزیراعظم کو ایل این جی پر جواب دینے ہیں، وزیر خارجہ اوروزیر داخلہ کے اقامے پکڑے گئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ احمد چیمہ گرفتار ہوتا ہے تو شہباز شریف کے کہنے پر پنجاب کی بیوروکریسی ہڑتال کردیتی ہے اسی لیے ہم کہتے تھے کہ جلد الیکشن کروائے جائیں تاکہ نئی حکومت آکر ملکی معاملات ٹھیک کرے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بنی گالا میں تجاوزات سے متعلق کیس میں عمران خان کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات پر ان سے جواب طلب کرلیا ہے۔

گزشتہ روز بارہ کہو کے سابق یوسی سیکریٹری نے کیس میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں جمع کرایا تھا جس میں انہوں نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے بنی گالا میں گھر کی دستاویزات کو جعلی قرار دیا تھا۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بنی گالا میں تجاوزات سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی جس دوران عدالت نے بنی گالا کے حوالے سے جمع کرائی گئی دستاویزات پر عمران خان سے ایک ہفتے میں جواب طلب کیا۔

مزید خبریں :