فوجیوں کے مرنے کو بنیاد بنا کر پاکستانی فنکاروں پر پابندی درست نہیں: بھارتی موسیقار

— فوٹو: بشکریہ مڈ ڈے ڈاٹ کام

بھارتی موسیقار ویپن پاٹوا نے بالی وڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے گلوکار عاطف اسلم کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔

پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے بھارتی فلموں میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے بعد بالی وڈ فلم کے لیے گائے ہوئے گیت کی تشہیر سے مبینہ طور پر انکار کردیا تھا جس کے بعد بھارتی فلمساز بھی پریشان ہیں۔

عاطف اسلم نے فلم ’داس دیو‘ کے لیے گیت ’سہمی ہے دھڑکن‘ گایا ہے اور فلم کی ٹیم نے پاکستانی گلوکار کے بغیر ہی گیت اور فلم کی تشہیر شروع کردی ہے۔

لیکن فلم کے موسیقار ویپن پاٹوا نے جہاں عاطف اسلم کی تعریفوں کے پل باندھے ہیں وہیں پاکستانی فنکاروں کے بالی وڈ میں کام کرنے پر پابندی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

ویپن عاطف اسلم کے حالیہ گیت کے لیے موسیقی ترتیب دینے کے علاوہ کئی بالی وڈ فلموں میں اپنا فن دکھا چکے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو اپنے انٹرویو میں ویپن پاٹوا کا کہنا تھا کہ فن اور موسیقی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور نہ ہی پاکستانی گلوکاروں پر پابندی مسائل کا حل ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلم ’داس دیو‘ کا گیت ارجیت سنگھ کے انکار کے بعد عاطف اسلم کے ساتھ ریکارڈ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سرحد پر بھارتی فوجیوں کے مرنے کو بنیاد بنا کر پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانا ٹھیک نہیں ہے، آخر کب تک فنکاروں کے ساتھ ایسا ہوتا رہے گا؟

بھارتی موسیقار نے کہا کہ عاطف اسلم بہت اچھے اور پرامن انسان ہیں۔ ’میں کئی بار ان سے مل چکا ہوں، وہ بھی امن کی بات کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہر مرتبہ فلم انڈسٹری کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔‘

ویپن نے کہا کہ اگر فنکاروں پر پابندی ہی لگانی تھی تو ابتدا سے ہی لگاتے لیکن یہاں ہر 2 ماہ بعد فنکاروں پر پابندی کا معاملہ شروع کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ عاطف اسلم کا گیت ’سہمی ہے دھڑکن‘ کی ریکارڈنگ گزشتہ ماہ دبئی میں گئی تھی جسے بھارتی موسیقار نے بہترین تجربہ قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :