07 مارچ ، 2018
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجا نے لاہور قلندرز کی مایوس کن کارکردگی کے بعد اسے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 2018 کے بعد اس ٹیم سے جڑے لوگ ایک مہینہ آرام کریں اور پھر سب کچھ ازسرنو شروعات کریں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز ایک برانڈ تو بن گیا، ٹیم انتظامیہ سے لوگوں کے نہ صرف اچھے روابط ہیں بلکہ میڈیا بھی اس ٹیم کو مکمل طور پر سپورٹ کرتا ہے۔
تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس ٹیم کے بارے میں سنجیدگی سے بیٹھ کر سوچا جائے کیوں کہ یہ توقعات پر پورا نہیں اتر رہی۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے رمیز راجا نے کہا کہ لاہور قلندرز کو اچھا آغاز ملتا ہے تاہم اس کے بعد ٹیم بکھر جاتی ہے۔
خیال رہے کہ لاہور قلندرز اب تک ٹورنامنٹ میں پانچ میچ کھیل چکی ہے اور تمام ہی میچز میں اسے شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا۔
برینڈن میکلم کی قیادت میں ٹیم اب تک پی ایس ایل کے تینوں ایڈیشنز میں ایک مرتبہ پھر لیگ مراحل سے آگے نہ بڑھ پائی۔