08 مارچ ، 2018
فیصل آباد میں آج ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے سوشل میڈیا ورکرز کنونشن کی تیاریاں جاری ہیں جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو 12 تولے سونے کا ہار پیش کیا جائے گا۔
مسلم لیگ (ن) کا سوشل میڈیا ورکرز کنونشن آج دھوبی گھاٹ میں ہوگا، جس کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے مریم نواز خطاب کریں گی۔
دوسری جانب لیگی کارکن شوکت علی رانا نے 12 تولے سونے کا ہار بھی تیار کرالیا ہے جو مریم نواز کو پیش کیا جائے گا۔
شوکت علی رانا کے مطابق ہار میں قیمتی پتھر بھی جڑے ہیں۔
اس سے قبل گذشتہ ماہ 24 فروری کو سوشل میڈیا ورکرز کنونشن کے موقع پر مریم نواز کو سرگودھا کے میئر کی جانب سے ہیروں جڑا 20 تولہ سونے کا تاج پہنایا گیا تھا، جسے سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے ایک فلاحی تنظیم کو عطیہ کردیا تھا۔