Time 11 مارچ ، 2018
پاکستان

سندھ سیکریٹریٹ آتشزدگی واقعہ: تحقیقاتی کمیٹی نے اہم سوالات اٹھا دیئے

نیو سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت میں 24 فروری کو لگنے والی آگ کی تحقیقاتی کرنے والی کمیٹی نے تفتیش میں اہم سوالات اٹھا دئیے ہیں۔

تحقیقاتی کمیٹی کے سیکریٹری کی جانب سے صوبائی سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو لکھے گئے خط میں اہم سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیو سندھ سیکریٹریٹ کی عمارت کی سیکیورٹی، سی سی ٹی وی کیمروں، کنٹرول روم اور آگ بجھانے کے نظام کی ذمہ داری محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی ہے۔

خط میں پوچھا گیا ہے کہ خود صوبائی سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کا دفتر جس منزل پر ہے اس کے کیمرے بھی کام نہیں کر رہے تھے اور سی سی ٹی وی کنٹرول روم اور واچ ٹاورز پر کوئی اہلکار موجود نہیں تھا۔

خط میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کے کتنے سیکیورٹی گارڈز ہیں اور کہاں تعینات ہیں۔

تحقیقاتی کمیٹی نے استفسار کیا ہے کہ عمارت میں لگائے گئے دھویں اور آگ کی نشاندہی کرنے والے آلات نے کام کیوں نہیں کیا اور آگ بجھانے والے آلات کیوں فعال نہیں تھے۔

ذرائع کے مطابق سندھ سیکریٹریٹ میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مرمت کے لئے ہر سال ایک کروڑ روپے سے زائد رقم مختص کی جاتی ہے لیکن اس کے باوجود بیشتر سی سی ٹی وی کیمرے خراب پڑے ہیں جس کی نشاندہی چند ہفتے قبل جیو نیوز پر چلائی گئی ایک رپورٹ میں بھی کی گئی تھی۔

مزید خبریں :