14 مارچ ، 2018
پاکستان کی سابق اداکارہ نور بخاری نے یوٹیوب پر اپنا چینل کھول لیا۔
گزشتہ برس اکتوبر میں نور بخاری کی حجاب میں ملبوس ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد یہ بات منظرعام پر آئی کہ انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور ان کا رجحان دینی تعلیمات کی جانب ہو چکا ہے۔
نور بخاری نے مداحوں سے رابطے میں رہنے، دینی تعلیمات اور فٹنس مسائل کے حل کے لیے اب یوٹیوب پر اپنا چینل کھول لیا ہے۔
شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی نور بخاری نے اپنے آفیشل چینل پر پہلا ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ بہت سارے جعلی اکاؤنٹس سے میری ویڈیوز جاری ہوتی ہیں لیکن میں نے خود مداحوں سے رابطے میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سب میری زندگی کے بارے میں جانتے ہیں لیکن اب بھی بہت کچھ ایسا ہے جو نہیں جانتے جب کہ میری زندگی بچپن سے نشیب و فراز میں رہی ہے۔
نور بخاری نے کہا کہ وہ چینل کے ذریعے شوبز سے مذہب کی جانب راغب ہونے، خواتین کے مسائل اور فٹنس کے حوالے سے بتاتی رہیں گی۔