دنیا
Time 17 مارچ ، 2018

روس نے بھی برطانیہ کے 23 سفارتکاروں کو ایک ہفتے میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا

ماسکو: برطانوی وزیراعظم کے اقدامات کے جواب میں روس نے بھی برطانیہ کے 23 سفارتکاروں کو ایک ہفتے میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا۔

روس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ روس میں برٹش کونسل کا آپریشن بھی معطل کردیا جائے گا اور سینٹ پیٹرزبرگ میں برطانوی قونصل خانے کو بھی بند کیا جائے گا۔

روس کے اس اعلان کے بعد برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے کہا کہ ہمیں روس کی جانب سے اسی طرح کے اقدامات کی امید تھی، آئندہ چند دنوں میں برطانیہ اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں سے مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ برطانوی سرزمین پر شہریوں اور دیگر لوگوں کو روس کی جانب سے لاحق خطرات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

روس کی جانب سے برطانوی سفارتکاروں کو نکالنے کے اعلان پر برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس اعلان سے معاملے کے حقائق پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، برطانوی سرزمین پر دو افراد پر حملے میں روس قصوروار ہے۔

خیال رہے کہ برطانیہ پہلے ہی روس کے 23 سفارتکاروں کو برطانیہ سے نکلنے کا حکم دے چکا ہے اور برطانیہ میں سابق روسی جاسوس پر اعصابی گیس سے حملے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدہ ہیں۔

برطانیہ- روس تعلقات میں کشیدگی کی وجہ

خیال رہے کہ برطانیہ نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ سابق روسی جاسوس 66 سالہ سرگئی اسکریپال اور ان کی بیٹی 33 سالہ یولیا اسکریپال پر قاتلانہ حملے میں ملوث ہے۔

4 مارچ کو سرگئی اور ان کی بیٹی انگلینڈ کے شہر سالسبری میں ایک بینچ پر نیم مردہ حالت میں پائے گئے تھے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں اب ان دونوں کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی تھی کہ ان دونوں کو اعصابی گیس کے ذریعے قتل کرنے کی کوشش کی گئی اور جو اعصابی گیس استعمال کی گئی وہ سوویت دور کا اعصابی زہر نوویچوک تھا۔

سرگئی اور ان کی بیٹی کو بینچ سے اٹھانے والے پولیس افسر کی بھی حالت بگڑ گئی تھی اور اس وقت وہ بھی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

اس واقعے کے بعد برطانیہ نے روس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اس کیس میں تعاون کرے اور اس سوال کا جواب دے کہ روسی ساختہ اعصابی گیس برطانیہ کس طرح پہنچی تاہم روس کی جانب سے تعاون سے انکار کے بعد برطانوی وزیراعظم نے روس کے خلاف اقدامات کا اعلان کردیا تھا۔

مزید خبریں :