Time 20 مارچ ، 2018
پاکستان

اثاثہ جات ضمنی ریفرنس خارج کرنےکی درخواست مسترد، فردجرم کیلئے27 مارچ کی تاریخ مقرر

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے دوران شریک ملزم سعید احمد کی ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمان پر فردجرم عائد کرنے کے لیے 27 مارچ کی تاریخ مقرر کردی۔

واضح رہے کہ نیب کی جانب سے 26 فروری 2017 کو دائر کیے گئے اثاثہ جات ضمنی ریفرنس میں نیشنل بینک کے سابق صدر سعید احمد سمیت 3 افراد کو بھی شریک ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔

احتساب عدالت نے 5 مارچ کو  ہونے والی سماعت کے دوران ضمنی ریفرنس میں نامزد ملزمان سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضوی پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 12 مارچ کی تاریخ مقرر کی تھی۔

تاہم ملزمان نعیم محمود اور منصور رضوی نے فرد جرم عائد نہ کرنے کی درخواست کی جبکہ سعید احمد نے عدالت میں ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ  ان کے خلاف کیس بنتا ہی نہیں اور نیب کا  ضمنی ریفرنس سپریم کورٹ کے پاناما فیصلے کی روح کے منافی ہے۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت آج احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی اور شریک ملزم سعید احمد کی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

جج محمد بشیر نے کہا کہ درخواست خارج کرنے کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 27 مارچ کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

دوسری جانب سعید احمد کے وکیل حشمت حبیب ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ تحریری فیصلہ ملنے پر ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔

کیس کا پس منظر

سپریم کورٹ کے 28 جولائی کے پاناما کیس فیصلے کی روشنی میں نیب نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر کیا تھا۔

سپریم کورٹ کی آبزرویشن کے مطابق اسحاق ڈار اور ان کے اہل خانہ کے 831 ملین روپے کے اثاثے ہیں جو مختصر مدت میں 91 گنا بڑھے۔

گذشتہ برس 27 ستمبر کو احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے نیب ریفرنس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر فرد جرم عائد کی تھی تاہم اسحاق ڈار نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار 7 مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوچکے ہیں۔

تاہم بعدازاں مسلسل غیر حاضری پر احتساب عدالت نے 11 دسمبر 2017 کو اسحاق ڈار کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا تھا۔

سابق وزیرخزانہ اِن دنوں علاج کی غرض سے بیرون ملک مقیم ہیں۔

بعدازاں 26 فروری کو  قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ضمنی ریفرنس بھی احتساب عدالت میں دائر کیا تھا، جس میں نیشنل بینک کے سابق صدر سعید احمد سمیت 3 افراد کو بھی شریک ملزم کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :