دنیا
Time 26 مارچ ، 2018

سعودی فورسز نے یمن سے داغے گئے 7 میزائل حملے ناکام بنا دیئے

یمن سے سعودی عرب پر 7 بیلسٹک میزائل داغے گئے—۔ویڈیو اسکرین گریب/بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی فورسز نے دارالحکومت ریاض سمیت مختلف شہروں پر 7 میزائل حملے ناکام بنا دیئے۔

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ترجمان سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ یمن سے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر 7 بیلسٹک میزائل داغے گئے ، جنہیں سعودی ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے تباہ کردیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق 3 میزائل ریاض، 2 نجران، 1خمیس مشیط اور ایک کازان پر فائر کیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ تباہ ہونے والے ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک مصری شہری ہلاک اور 2افراد زخمی ہوئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں بھی میزائل داغے جانے اور انہیں تباہ کیے جانے کے مناظر دیکھے جاسکتے ہیں، تاہم ان ویڈیوز کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔


واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ یمن سے سعودی عرب کی جانب میزائل داغے گئے ہوں۔

رواں برس 5 جنوری کو بھی سعودی ایئر ڈیفنس فورسز نے یمن سے سعودی حدود میں فائر کیے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا تھا۔

اس سے قبل گذشتہ برس دسمبر میں بھی حوثی باغیوں نے سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا تھا، جس میں یماما رائل پیلس کو نشانہ بنایا جانا تھا تاہم سعودی فورسز نے اس کوشش کو ناکام بنادیا تھا۔

نومبر 2017 میں بھی حوثی باغیوں کی جانب سے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا تاہم سعودی ڈیفینس فورسز نے جوابی میزائل داغ کر اس کوشش کو بھی ناکام بنایا تھا۔




مزید خبریں :