23 جولائی ، 2012
لندن … سرطان کے مرض کے خلاف کام کرنے والے ایک عالمی ادارے ورلڈ کینسر ریسرچ فنڈ نے کہا ہے کہ کھانے میں نمک کا استعمال کم کرنے سے معدے کے کینسر کے خطرات کم ہوسکتے ہیں۔ حد سے زیادہ نمک کا استعمال دوران خون میں دباوٴ کا باعث بنتاہے اور اس سے دل کی بیماری اور دل کے دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور اس کے ساتھ ہی کینسر کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ کینسر کے عالمی ادارے ڈبلیو سی آر ایف کا کہنا ہے کہ نمک والی غذا جیسے بیکن، بریڈ اور ناشتے میں استعمال ہونے والے اناج میں کمی سے یہ فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔ اگر لوگ غذا کے معاملے میں روزانہ رہنما اصولوں کی پابندی کریں تو ہر ساتویں مریض کو بچایا جا سکتا ہے۔ کینسر پر تحقیق کرنے والے برطانوی ادارے نے کہا ہے کہ ان اعداد و شمار میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔