پاکستان

مریم نواز نے 10 سالہ برطانوی وزٹ ویزے کی درخواست دے دی، ذرائع

مریم نواز کے علاوہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور ان کی صاحبزادی ماہ نور نے بھی ویزا کی درخواست دی ہے — فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر نے 10 سالہ برطانوی وزٹ ویزے کی درخواست دے دی۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اسلام آباد کے جی نائن سیکٹر میں واقع کوریئر کمپنی کے دفتر آئے اور برطانوی ویزے کے لیے پاسپورٹ جمع کرایا۔

ذرائع کے مطابق احتساب عدالت سے استثنیٰ ملنے پر مریم نواز لندن روانہ ہوں گی جہاں وہ اپنی والدہ کلثوم نواز کی عیادت کریں گی۔

ذرئع نے بتایا کہ مریم نواز کے ساتھ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور ان کی بیٹی ماہ نور صفدر نے بھی پاسپورٹ جمع کرائے جبکہ دوملازمین عبداللہ اور روبینہ شوکت کے پاسپورٹس بھی جمع کرائے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور ماہ نورصفدرنے دس، دس سال کیلئے ویزا درخواست دی ہے جبکہ دو ملازمین کے چھ چھ ماہ کے ویزا کے لیے درخواست دی گئی۔

مریم نواز،کیپٹن صفدر اور ماہ نور صفدر نے ترجیحی ویزا فیس بھی جمع کرادی ہے اور اس مد میں 1 لاکھ 12 ہزار 539 روپے جمع کرائے گئے ہیں۔

مریم نواز اپنے شوہر اور بیٹی کے ہمراہ نجی کورئیر کمپنی کے دفتر میں خود گئیں اور وہاں انہوں نے بائیو میٹرکس بھی کرائے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس سے قبل ان کے پاس موجود برطانیہ کا ویزا زائد المعیاد ہونے کے باعث نئے ویزاے کے حصول کے لیے درخواست دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز اور دیگر درخواست دہندگان کے پاسپورٹس بدھ کو ہی برطانوی سفارتخانے کو بھجوا دئیے گئے ہیں اور 10 دن کے اندر ویزوں کے اجراء کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ 22 مارچ کو احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے نیب ریفرنسز میں حاضری سے استثنیٰ کی دائر درخواست مسترد کردی تھی۔

نواز شریف اور مریم نواز نے اپنی درخواست میں 7 دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ مانگا تھا جب کہ بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی درخواست کے ساتھ لگائی گئی تھی۔

مزید خبریں :