Time 22 مارچ ، 2018
پاکستان

احتساب عدالت نے کہا پورے خاندان کا لندن میں ہونا ضروری نہیں، مریم نواز

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت نے یہ کہہ کر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی کہ پورے خاندان کا لندن میں ہونا ضروری نہیں۔

سماعت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نیب کا یہ بیان نامناسب ہے، نیب یہ بات نہ کرتا تو بہتر ہوتا۔

مریم نواز نے کہا کہ ان کی والدہ بیگم کلثوم نواز کی 6 کیموز ہوچکی ہیں اور ڈاکٹرز نے کلثوم نوازکےعلاج کیلئے کچھ آپشنز رکھے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈاکٹرز کلثوم نواز کے علاج پر مشاورت کیلیے نوازشریف کا انتظار کر رہے ہیں، ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کیلئے ریڈیو تھراپی یا سرجری کی تجویز دی ہے۔

علاوہ ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی مریم نواز نے جذباتی انداز اپنایا اور کہا کہ کہ ان کی والدہ بیگم کلثوم نواز ان کی اور ان کے والد نواز شریف کی منتظر تھیں، فون کرکے پوچھا کہ کیا آنے کی اجازت مل گئی؟ میں نے جواب دیا کہ نہیں ملی تو بیگم کلثوم نواز نے کہا کوئی بات نہیں، ہمارا اللہ مالک ہے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے نیب ریفرنسز میں حاضری سے استثنیٰ کی دائر مسترد کردی ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز نے اپنی درخواست میں 7 دن کے لیے حاضری سے استثنیٰ مانگا تھا جب کہ بیگم کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی درخواست کے ساتھ لگائی گئی تھی۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ 26 مارچ سے ایک ہفتے کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جب کہ اس دوران نواز شریف کی جگہ ان کے نمائندے علی ایمل اور مریم نواز کی جگہ ان کے نمائندے جہانگیر جدون پیش ہوں گے۔

مزید خبریں :