پاکستان
Time 02 اپریل ، 2018

بھارت سامراجی حربوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو کچل نہیں سکتا، نواز شریف

اقوام متحدہ پر لازم ہے کہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، نواز شریف۔ فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس طرح کے سامراجی حربوں سے کشمیریوں کے جذنہ حریت کو کچلا نہیں جا سکتا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم، نہتے شہریوں پر فائرنگ، درجنوں انسانوں کی شہادت کے واقعے اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔

اپنے ایک بیان میں نواز شریف نے کہا کہ آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرتے ہوئے کشمیریوں کو مظالم کا نشانہ بنانا ساری دنیا کے انسانی ضمیر کے لیے چیلنج ہے۔

قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ بھارت کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس طرح کے سامراجی حربوں سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کچلا نہیں جا سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ پر لازم ہے کہ انسانی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اپنی قراردادوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فوری اور سنجیدہ کوشش کرے۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر ان غیر انسانی مظالم کا سلسلہ جاری رہا اور عالمی ضمیر نے انگڑائی نہ لی تو یہ صرف کشمیریوں پر ہی نہیں، ساری انسانیت پر ظلم ہو گا۔

سابق وزیراعظم پاکستان نے توقع ظاہر کی کہ نہ صرف حکومت پاکستان بلکہ تمام سیاسی جماعتیں اور معاشرے کے تمام طبقات ہر طرح کی تقسیم اور تفریق سے بالاتر ہو کر کشمیریوں پر مظالم کے خلاف بھر پور آواز اٹھائیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر خارجہ خواجہ آصف، چیئرمین کمشیر امور کمیٹی مولانا فضل الرحمان، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے بھی اپنے اپنے بیانات میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی بھرپور الفاظ میں مذمت کی۔

مزید خبریں :