03 فروری ، 2012
اسلام آباد … پاکستان مسلم لیگ ہم خیال نے 20 ویں آئینی ترمیم کیلئے 12 ترامیم تجویز کر دی ہیں جس میں صدارتی استثنیٰ ختم کرنے، صحت، تعلیم اور کھیل کے شعبے واپس وفاق کو سونپنے اور 3 نئے صوبے بنانے کی سفارش کی گئی ہے۔ مسلم لیگ ہم خیال کی رکن قومی اسمبلی کشمالہ طارق نے جیو نیوز کو بتایا کہ آئین میں 20ویں ترمیم کے حوالے سے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں 12 ترامیم جمع کرائی گئی ہیں۔ اس میں تجویز کیا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 248 میں ترمیم کرکے صدارتی استثنیٰ ختم کیا جائے اور صدارتی آرڈیننس جاری کرنے کا اختیار ختم کیا جائے۔ ہزارہ، بہاولپور اور جنوبی پنجاب کو صوبہ بنایا جائے اور نئے صوبے بنانے کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے۔ کشمالہ طارق کے مطابق چوتھے شیڈول میں ترمیم کرکے صحت، تعلیم اور کھیل کے شعبوں کو واپس وفاق کے حوالے کرنے کی ترمیم بھی تجویز کی گئی ہے۔ جبکہ پارٹی کے اندر الیکشن کرانے کی شق کو واپس آئین میں شامل کرنے، ممبران کے خلاف کارروائی کا اختیار پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کو دینے، پارلیمنٹ میں خواتین کو 30 فیصد نمائندگی دینے، سیاسی جماعتوں کو عا م انتخابات میں خواتین کو 10 فیصد ٹکٹس دینے کا پابند بنانے، ارکین پارلیمنٹ کو گریڈ 22 کے افسر کے برابر مراعات اور پنشن دینے کی ترامیم بھی تجویز کی گئی ہیں ۔