پاکستان

سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے نوجوان کی ہلاکت کی رپورٹ وزارت داخلہ کو موصول

اسلام آباد: امریکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی مکمل رپورٹ پولیس نے وزارت داخلہ کو ارسال کردی۔

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے اسلام آباد واقعے کی رپورٹ طلب کیے جانے پر پولیس نے مکمل رپورٹ وزارت داخلہ کو ارسال کردی جس میں واقعے کے روز ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس سارجنٹ کا موقف درج ہے جس کے مطابق گاڑی نے سگنل کی خلاف ورزی کی۔ 

رپورٹ کے مطابق ٹریفک سارجنٹ نے مؤقف اپنایا کہ حادثے کے بعد پولیس کو ملزم کا میڈیکل کرانے کا مشورہ دیا گیا، میڈیکل کرانے سے تعین ہوجاتا کہ ملزم ہوش میں تھا یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانا کوہسار نے سفارت کار کے استثنیٰ کا جواز پیش کیا اور اسے اپنی صوابدید پر جانے کی اجازت دی۔ 

وزارت داخلہ نے پولیس پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ملزم سفارتکار کس کے کہنے پر چھوڑا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے امریکی سفارتکار کو چھوڑنے کے معاملہ پر متعلقہ ایس ایچ او سے بھی وضاحت طلب کرلی۔ 

اسلام آباد پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ ایس پی نے امریکی سفارتخانے سے رابطے کی کوشش کی جس پر سفارتخانے نے کہا کہ وہ براہ راست رابطہ نہیں کر سکتے، اگر پولیس وزارت خارجہ کے ذریعے رابطہ کرے تو جواب دیں گے۔ 

دوسری جانب دفتر خارجہ نے سفارتی اہلکار کی گاڑی کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت پر امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کو دفتر خارجہ طلب کیا اور شدید احتجاج کیا جس پر امریکی سفیر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید خبریں :