09 اپریل ، 2018
بالی ووڈ کی صف اول کی ہیروئن انوشکا شرما اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے شادی کیلئے اٹلی کے پرفضا مقام کا انتخاب کیا تھا اور اب یہ اطلاعات ہیں کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی سوئزرلینڈ میں ہوگی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کو سوئزرلینڈ کی حکومت پیشکش کی ہے کہ وہ اپنی شادی کے لیے ان کے ملک کے کسی پرفضا مقام کا انتخاب کریں۔
رنویر سنگھ نے سوئس حکومت کی یہ پیشکش قبول کی ہے یا نہیں اس حوالے سے فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
اداکارہ انوشکا شرما اور ویرات کوہلی کی شادی کے بعد سے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی خبروں کا بازار گرم ہے۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکاروں کی جوڑی رواں سال اکتوبر سے دسمبر کے درمیان کسی طے شدہ تاریخ پر شادی کے بندھن میں بندھ جائے گی جس کے لیے تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دپیکا پڈوکون اپنے ہونے والے شریک حیات رنویر سنگھ کی فیملی کے ساتھ شادی کی شاپنگ میں مصروف ہیں لیکن دونوں اداکاروں کی جانب سے اس حوالے سے کسی قسم کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
اب ایک اور چونکا دینے والی خبر آئی ہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کو سوئزرلیند حکومت نے پیشکش کی ہے کہ وہ ان کے ملک کے خوبصورت مقام پر شادی کریں۔
بھارتی میڈیا نے اداکار کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ رنویر سنگھ سوئزرلینڈ کی سیاحت کے خیرسگالی سفیر ہیں جنہیں یورپی ملک کی حکومت کی جانب سے ملک کے کسی بھی خوبصورت مقام پر شادی کی پیشکش کی گئی ہے۔
اداکار کی جانب سے تاحال اس آفر پر کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے لیکن قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کی شادی بھارت سے باہر ہی ہوگی۔
یاد رہے کہ دپیکا اور رنویر کی جوڑی اس وقت بالی وڈ کی کامیاب ترین جوڑیوں میں سے ایک ہے جس نے کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں جن میں ’رام لیلا‘، ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ شامل ہیں۔