Time 11 اپریل ، 2018
انٹرٹینمنٹ

بھارتی کامیڈین کپل شرما کا نیا شو بھی بند

رانی مکھرجی کے ساتھ شو کی شوٹنگ بھی آخری وقت میں کینسل کردی گئی تھی — فوٹو: فائل 

بھارتی کامیڈین کپل شرما کا نیا شو ’فیملی ٹائم ود کپل شرما‘ بھی چینل انتظامیہ نے ایک ماہ کے لیے بند کردیا۔

کپل شرما  ’دی کپل شرما شو‘ کے آف ایئر ہونے کے بعد طویل عرصہ چھوٹی اسکرین سے دور رہے تھے اور انہوں نے ’فیملی ٹائم ود کپل شرما‘ سے ٹی وی پر واپسی کی تھی۔

تاہم کامیڈین کپل شرما کا نیا شو بھی لوگوں کو متاثر کرنے میں ناکام رہا اور شو کی ریٹنگ بھی سابقہ شو سے کم رہی جس نے اداکار سمیت چینل انتظامیہ کو بھی پریشان کردیا ہے۔

کپل شرما نئے شو کے آغاز سے ہی تنازعات کا شکار ہیں، انہوں نے شو کی شوٹنگ مسلسل منسوخ ہونے اور کم ریٹنگ کی خبر لگانے والے صحافی کو فون کرکے دھمکیاں بھی دی تھیں۔

کپل شرما کئی مرتبہ طبیعت کی خرابی کے باعث اپنے نئے شو کی شوٹنگ بھی کئی بار ملتوی کرچکے ہیں، گزشتہ دنوں بالی ووڈ اداکارہ رانی مکھرجی کے ساتھ شو کی شوٹنگ بھی آخری وقت میں کینسل کردی گئی تھی۔

 بھارتی میڈیا کے مطابق چینل کی انتظامیہ نے بار بار شوٹنگ منسوخ ہونے پر ’فیملی ٹائم ود کپل شرما‘ کو ہی ایک ماہ کے لیے بند کردیا ہے۔

کپل شرما کے نئے شو کی شوٹنگ نہ ہونے کے باعث پرانی اقساط ٹیلی کاسٹ کی جارہی تھیں جس پر انتظامیہ نے شو کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

یاد رہے کہ کپل شرما نے گزشتہ سال آسٹریلیا سے ممبئی واپسی پر دوران پرواز اپنے ساتھی کامیڈین سنیل گروور سے لڑائی کی تھی جس کے بعد سنیل گروور نے کپل شرما سے راہیں جدا کرلی تھیں۔

سنیل گروور کے جانے کے بعد کپل شرما کے شو کی ریٹنگ تیزی سے نیچے آنے شروع ہوگئی تھی اور کپل شرما شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوگئے تھے اور بالآخر ان کے شو کو بند کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :