Time 12 اپریل ، 2018
کھیل

پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں تیسرا کانسی کا تمغہ جیت لیا

ویٹ لفٹرز کے بعد پاکستان کے پہلوان محمد بلال نے 57 کلوگرام کیٹگری میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا— فوٹو بشکریہ کامن ویلتھ گیمز

پاکستان نے آسٹریلیا میں جاری دولت مشترکہ کے کھیلوں میں تیسرا کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

پاکستانی ویٹ لفٹر کے بعد پاکستانی پہلوان محمد بلال نے 57 کلوگرام کیٹگری میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

کامن ویلتھ گیمز میں ریسلنگ مقابلوں کا آغاز ایونٹ کے 9 ویں روز ہوا جس کے 57 کلو گرام فری اسٹائل مقابلوں میں پاکستان کے محمد بلال نے پہلے مالٹا کے پہلوان کو زیر کیا اور پھر سری لنکن پہلوان کو چِت کرکے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔

سیمی فائنل میں پاکستان کے محمد بلال کا مقابلہ بھارتی پہلوان راہول اوارے سے ہوا جس میں وہ شکست کھاگئے۔

اس کے بعد کانسی کے تمغے کیلئے محمد بلال کا مقابلہ انگلینڈ کے ریسلر جارج رام سے ہوا اور محمد بلال نے ایک کے مقابلے میں تین پوائنٹ سے کامیابی حاصل کی اور کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔

رواں کامن ویلتھ گیمز میں یہ پاکستان کا تیسرا برانز میڈل ہے، اس سے قبل ویٹ لفٹنگ میں دو کھلاڑی کانسی کا تمغہ جیت چکے ہیں جبکہ ہاکی ایونٹ میں پاکستان ٹیم میڈل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :