09 اپریل ، 2018
پاکستانی ویٹ لفٹر نوح بٹ نے کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیت لیا، نوح بٹ نے 105 کلوگرام کیٹگری میں مجموعی طور پر 395 کلو گرام وزن اٹھا کر نیا جونیئر کامن ویلتھ ریکارڈ بھی قائم کردیا۔
نوح بٹ نے اسنیچ میں 173 کلو گرام وزن اٹھا جبکہ کلین اینڈ جرک میں پہلی کوشش میں 222 کلو وزن اٹھایا اور جونئیر کامن ویلتھ کا ریکارڈ بھی قائم کر دیا۔
نوح بٹ نے مجموعی طور پر 395 کلو گرام وزن اٹھایا اور کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا جبکہ نیوزی لینڈ کے لیٹی ڈیوڈ نے سونے کا تمغہ جیتا اور سیموا کے لوئی لوؤٹی نے سلور مڈل اپنے نام کیا۔
شوٹنگ کے مقابلے میں پاکستان کے عثمان چند فائنل تک رسائی حاصل نہ کرسکے۔
خواتین کی 400 میٹر دوڑ میں پاکستان کی نجمہ پروین ہیٹ میں ساتویں نمبر پر آئیں۔
باکسنگ ایونٹ کی 52 کلو گرام کیٹگری میں محمد آصف کینیا کے باکسر کو چار ایک سے ہراکر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ 60 کلو گرام کیٹیگری میں احمد علی کو شکست ہوئی۔
خیال رہے کہ یہ آسٹریلیا میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا دوسرا میڈل ہے، اس سے قبل ویٹ لفٹنگ کے 62 کلو کیٹگری کے مقابلے میں طلحہ طالب بٹ نے پاکستان کو پہلا تمغہ دلایا تھا۔
طلحہ طالب نے 62 کلو گرام کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا اور اسنیچ کیٹیگری میں 132 کلو وزن اٹھا کر نیا ریکارڈ بھی بنا دیا اور پھر مجموعی طور پر 283 کلو گرام وزن اٹھا کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔