Time 20 اپریل ، 2018
انٹرٹینمنٹ

علی ظفر پر میشا شفیع کا الزام، شوبز اسٹارز کا ملا جلا ردعمل

گذشتہ روز میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا—۔فائل فوٹو

اداکار اور گلوگار علی ظفر پر گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے جنسی ہراساں کیے جانے کے الزام کے بعد شوبز ستاروں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ کسی نے خاموشی اختیار کی، کسی نے تنقید کی تو کسی نے کُھل کر میشا کے اقدام کو سراہا۔ 

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ریشم کا کہنا تھا کہ علی ظفر کے بارے میں کبھی ایسا کچھ نہیں سنا ہے اور وہ ایک سلجھے ہوئے انسان ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پورے کیرئیر میں ایسا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں، اگر میشا اور ان کے درمیان کوئی غلط فہمی ہے تو اسے دور کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ میشا کو چاہیے کہ علی ظفر کے نام کو اس طرح بدنام نہ کرے اور اگر ان کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائے جائیں، محض الزام نہیں لگانا چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ ذاتی طور علی ظفر کو جانتی ہوں، وہ دوستوں کو عزت دینے والے انسان ہیں اور صرف اپنے کام پر فوکس رکھتے ہیں، مجھے نہیں لگتا کہ اس الزام میں کوئی حقیقت ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ عروا حسین نے 'مور پاور ٹو یو' (More Power To You) کہہ کر میشا کی حوصلہ افزائی کی۔


سماجی کارکن اور صحافت کے پیشے سے منسلک رہنے والی ریحام خان نے کہا کہ 'میشا میری طرح راک اسٹار ہے جو شکاریوں کے خلاف کھڑی ہوتی ہے'۔

ریحام خان نے جنسی ہراسانی کے خلاف جاری 'می ٹو' مہم کے حق میں مزید ٹوئیٹس بھی کیں۔


اداکار عثمان خالد بٹ کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ 'جنسی ہراساں کیے جانے کے خلاف جب کوئی خاتون سوشل میڈیا پر آواز اٹھاتی ہے تو اس پر میمز اور مذاق بنائے جاتے ہیں، جس سے معاملے کی اہمیت کم جاتی ہے'۔

ساتھ ہی انہوں نے اس معاملے پر آنے والے تبصروں کے حوالے سے طنزیہ انداز میں لکھا کہ  'میشا نے یہ سب سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے کیا'۔ 






پاکستانی فلم 'طیفہ اِن ٹربل' میں علی ظفر کی ساتھی اداکارہ مایا علی نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ فی الوقت ہمیں کسی کے کردار کے بارے میں بات نہیں کرنی چاہیے۔

مایا نے لکھا، 'میں یہ نہیں کہوں گی کہ کون صحیح ہے اور کون غلط، ہاں میں یہ ضرور کہوں گی کہ میں علی ظفر کو زیادہ عرصے سے نہیں جانتی لیکن میں گذشتہ ایک سال سے ان کے ساتھ کام کر رہی ہوں، ہم نے اپنی فلم کی شوٹنگ لاہور میں کی اور پھر ہم پولینڈ بھی گئے لیکن مجھے ان کی جانب سے کبھی کوئی غلط محسوس نہیں ہوا'۔

مایا کے مطابق 'میں نے ہمیشہ علی ظفر کو فیس ٹائم پر اپنی اہلیہ اور بچوں سے بات کرتے ہوئے دیکھا کیونکہ وہ اپنے تمام اچھے اور برے لمحات اپنی فیملی کے ساتھ شیئر کرتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں کسی کو جانچ نہیں رہی اور نہ ہی کسی کی ذات سے متعلق وضاحت دے رہی ہوں، لیکن میں علی ظفر کی عزت کرتی ہوں اور چاہتی ہوں کہ سچ سامنے آئے، اُس وقت تک ہمیں کسی کے کردار کے بارے میں بات نہیں کرنی چاہیے'۔




یاد رہے کہ گذشتہ روز میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ساتھی گلوکار علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کرتے کہا تھا کہ اس قسم کے واقعات اُس وقت پیش نہیں آئے جب وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں داخل ہوئی تھیں بلکہ یہ سب اُس وقت ہوا جب وہ اپنا نام بنا چکی تھیں۔

میشا شفیع کا مزید کہنا تھا کہ بااختیار اور اپنے خیالات رکھنے کے باوجود ان کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آیا، اگر ان کے ساتھ ایسا ہوا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔

گلوکارہ نے مزید کہا کہ کوئی خاتون جنسی ہراساں کیے جانے سے محفوظ نہیں ہے، ہم اپنے معاشرے میں اس پر بات کرنے سے ہچکچاتے ہیں اور خاموشی کی راہ اختیار لیتے ہیں، ہمیں اجتماعی طور پر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ خاموشی کے کلچر کو توڑا جاسکے۔

دوسری جانب علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے عائد کیے گئے جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ الزام کا جواب الزام سے نہیں دیں گے بلکہ میشا شفیع کے خلاف عدالت جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے پورا یقین ہے کہ سچ ہمیشہ غالب ہوتا ہے'۔

علی ظفر نے مزید کہا کہ 'میں بین الاقوامی سطح پر چلنے والی ’می ٹو‘ مہم سے اچھی طرح واقف ہوں، میں 2 بچوں کا باپ، ایک شوہر اور ایک ماں کا بیٹا ہوں۔ میں ایک ایسا شخص ہوں جو رسوائی اور بے رحمی کے خلاف متعدد بار اپنے، اپنی فیملی اور دوستوں کے لیے کھڑا ہوا ہوں اور میں آج بھی ایسا ہی کروں گا'۔


نوٹ: اس خبر میں اداکار عثمان خالد بٹ کے بیان میں 'سستی شہرت' کے ساتھ 'طنزیہ' کا لفظ استعمال کیا جانا چاہیے تھا، جو اس سے قبل نہیں ہوسکا تھا، تاہم اس غلطی کو اب درست کرلیا گیا ہے۔

مزید خبریں :