Time 23 اپریل ، 2018
انٹرٹینمنٹ

علی ظفر کا میشا شفیع سے قانونی نوٹس میں معافی کا مطالبہ

لاہور: اداکار اور گلوکار علی ظفر نے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام لگانے پر گلوکارہ میشا شفیع سے قانونی نوٹس میں معافی کا مطالبہ کردیا۔

قانونی نوٹس میں گلوکار کا کہنا ہے کہ میشا شفیع نے ان پر بےبنیاد الزامات عائد کیے اور ہراساں کرنےکاجھوٹا دعویٰ کیا۔

جیو نیوز فوٹو—.

علی ظفر کا مزید کہنا تھا کہ میشا شفیع دو ہفتوں میں معافی مانگیں ورنہ 100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا۔

میشا شفیع کا کہنا تھا کہ یہ واقعات اُس وقت پیش نہیں آئے جب وہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں داخل ہوئی تھیں بلکہ یہ سب اُس وقت ہوا جب وہ اپنا نام بنا چکی تھیں۔

میشا شفیع کا کہنا تھا کہ بااختیار اور اپنے خیالات رکھنے کے باوجود ان کے ساتھ اس طرح کا واقعہ پیش آیا، اگر ان کے ساتھ ایسا ہوا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔

گلوکارہ نے مزید کہا کہ کوئی خاتون جنسی ہراساں کیے جانے سے محفوظ نہیں ہے، ہم اپنے معاشرے میں اس پر بات کرنے سے ہچکچاتے ہیں اور خاموشی کی راہ اختیار لیتے ہیں، ہمیں اجتماعی طور پر اپنی آواز بلند کرنی چاہیے تاکہ خاموشی کے کلچر کو توڑا جاسکے۔

علی ظفر کا مؤقف

ادھر علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزامات کی تردید کی۔

علی ظفر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا کہ میں بین الاقوامی سطح پر چلنے والی ’می ٹو‘ مہم سے اچھی طرح واقف ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میں ایک جوان بچی اور بچے کا والد ہوں، ایک شوہر اور ایک ماں کا بیٹا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایسا شخص ہوں جو رسوائی اور بے رحمی کے خلاف متعدد بار اپنے، اپنی فیملی، خاندان اور دوستوں کے لیے کھڑا ہوا اور میں آج بھی ایسا ہی کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے پاس چھپانے کے لیے کچھ بھی نہیں ہے اور خاموشی بالکل بھی ایک آپشن نہیں ہے۔

یاد رہے کہ میشا شفیع پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا حمید کی صاحبزادی ہیں جنہوں نے ڈرامہ انڈسٹری سے ہی اپنے کیرئیر کا آغاز کیا اور پہلی مرتبہ 2006 میں ڈرامہ 'محبت خواب کی صورت میں' اداکاری کے جوہر دکھائے جس کے بعد 2007 میں وہ جیو نیوز کے ڈرامہ سیریل 'یہ زندگی تو وہ نہیں' میں بھی دکھائی دیں۔

میشا شفیع نے 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم 'ریلکٹنٹ فنڈامنٹلسٹ' سے فلمی دنیا میں قدم رکھا اور اسی سال انہوں نے بالی وڈ فلم 'بھاگ ملکھا بھاگ' میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جو 2013 کی سب سے مقبول فلم ثابت ہوئی جب کہ وہ پاکستانی فلم 'وار' میں بھی کردار ادا کرچکی ہیں۔

میشا شفیع نے کوک اسٹوڈیو کے سیزن 3 میں معروف گلوکار عارف لوہار کے ساتھ 'جگنی' گا کر گلوکاری میں شہرت پائی، اس سے قبل وہ 'اوور لوڈ' بینڈ کے ساتھ گلوکاری کے میدان میں قسمت آزماتی رہیں لیکن انہیں مقبولیت نہ مل سکی لیکن جب انہوں نے 'جگنی' گائی تو اسے بے حد پسند کیا گیا۔

گلوکارہ میشا نے بھولے بھالے، آیا لڑیے، سُن وے بالوری، لک ہلنا سمیت دیگر گانے بھی گائے اور انہیں بھی بے حد پذیرائی ملی۔

مزید خبریں :