Time 24 اپریل ، 2018
پاکستان

گٹکے پر پابندی لیکن اسمبلی میں صوبائی وزیرقانون گٹکا کھاتے پکڑے گئے

وزیر قانون سندھ ضیاءالحسن لنجار۔ فوٹو:فائل

کراچی: سندھ میں گٹکے کی تیاری اور فروخت پر پابندی کے باوجود صوبائی وزیر قانون ضیاء لنجار سمیت 2 اراکین اسمبلی اجلاس کے دوران گٹکا کھاتے رہے ۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اسپیکر آغا سراج درانی نے وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار اور ایم پی اے فراز ڈیرو کو گٹکا کھاتے دیکھا تو انہیں تنبیہ کی۔

اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ سپاری یا تمباکو کھانا ایوان میں منع ہے اور اگر تمباکو کھانے کا شوق ہے تو ایوان سے باہر جا کر کھائیں۔

جس پر صوبائی وزیر قانون ضیاء لنجار اور فراز ڈیرو ایوان سے باہر چلے گئے۔ 

یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے صوبے بھر میں گٹکے کی تیاری اور فروخت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

حال ہی میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کی جانب سے بھی ہدایات جاری کی گئیں تھیں کہ صوبے میں کانسٹیبل کے عہدے کے لیے ہونے والی بھرتیوں پر یقینی بنایا جائے کہ کوئی امیدوار منشیات کا عادی نہ ہو۔

آئی جی کے مراسلے میں خاص طور پر 'گٹکے' کا تذکرہ کیا گیا کہ کوئی بھی اہلکار گٹکا کھانے کا عادی نہ ہو۔

مزید خبریں :