Time 01 مئی ، 2018
پاکستان

ایم کیوایم سیاسی بیان بازی کی بجائے سانحہ بلدیہ فیکٹری کا جواب دے: بلاول


کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیوایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہےکہ ایم کیوایم مزدوروں کے دن پر سیاسی بیان دینے کی بجائے بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کا جواب دے اور میں کراچی کے ہر ضلع میں جلسہ کروں گا ایم کیوایم کو اتنی فکر نہیں ہونی چاہیے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی بجٹ پر تنقید کی۔

انہوں نے کہاکہ بجٹ میں مزدوروں کے لیے کچھ نہیں اس لیے تنقید کرتے ہیں، ہم نے اپنے دور میں پنشن اور تنخواہیں بڑھائیں، مزدوروں اور صنعتوں کے لیے 14 قانون سازیاں کی گئیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ چاہتے ہیں قومی و صوبائی اسمبلی میں مزدور کی نمائندگی ہو جس کے لیے مشاورت کررہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ اسٹیل مل کوگیس اور ملازمین کو تنخواہیں نہیں دی جارہیں، (ن) لیگ پی آئی اے اور اسٹیل مل کی نجکاری کی سازش کررہی ہے، کے الیکٹرک کی نجکاری کرکے لوڈشیڈنگ برداشت کررہے ہیں، ہم مزید اداروں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ نوازشریف اور خواجہ آصف کی طرف سے جو ڈرامہ ہورہا ہے، سب جانتے ہیں میاں صاحب کیا گیم کھیل رہے ہیں۔

ایم کیوایم رہنما خالد مقبول صدیقی کی پریس کانفرنس سے متعلق سوال پر چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم مزدوروں کے دن پر سیاسی بیان دینے کی بجائے سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کا جواب دے، لیاری میرے دل کے نزدیک ہیں، کراچی اور لیاری کے عوام سے پیار کرتا ہوں، ہر جگہ ہر ضلع میں جاکر جلسہ کروں گا، ایم کیوایم کو اتنی فکر نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نےکہا کہ پہلے کراچی کی سیاست میں لوگ ایم کیو ایم کے پیچھے چلتے تھے لیکن اب ان کا ہر دھڑا ہمارے نقش قدم پر چل رہا ہے، اب وہ ہمارے بعد جلسے کرتے ہیں جس پر انہیں خوش آمدید کرتے ہیں، ہمیں نظر آرہا ہےکہ پیپلزپارٹی آگے ہے۔

ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کے ایم سی ہمارے پاس نہیں تھی اور اب بھی نہیں، چاہتے ہیں گھوسٹ ملازمین نہ ہوں، سندھ حکومت نے تعلیمی اداروں اور لوکل باڈیز میں اس کے لیے اقدام اٹھائیں ہیں، سندھ حکومت پہلی حکومت ہے جس نے گھوسٹ ملازمین کی وجہ سے بائیومیٹرک سسٹم نافذ کیا۔

انہوں نے کہا کہ گھوسٹ ملازمین اور کرپشن بڑا مسئلہ ہے، کے ایم سی والے کام نہیں کرتے اور اپنے ملازمین کو تنخواہ نہیں دے رہے، پھر یہ لوگ پیسے کا کیا کررہے ہیں، میئر اور ڈسٹرکٹ کونسلز کو پیسہ دیا اختیار دیئے لیکن یہ لوگ کیا کررہے ہیں۔

مزید خبریں :