سوات کے بعد فیصل آباد میں بھی سائنس فیسٹیول کا انعقاد

فیسٹیول میں ضلع فیصل آباد کے 200 سرکاری اور نجی اسکولز سے 6 ہزار سے زائد طلبہ شرکت کر رہے ہیں—۔فوٹو/ بشکریہ الف اعلان

فیصل آباد: سوات سائنس فیسٹیول کی کامیابی کے بعد فیصل آباد میں بھی 2 روزہ سائنس فیسٹیول کا آغاز ہوگیا، جس کا مقصد طلبہ میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں دلچسپی کو بڑھانا اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہے۔

ایکسپو سینٹر، یونیورسٹی آف ایگریکلچر میں منعقدہ اس فیسٹیول کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سلمان غنی، میئر فیصل آباد عبدالرزاق، ڈسٹرکٹ چیئرمین زاہد نذیر اور ڈسٹڑکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے سی ای او رانا شبیر نے کیا۔

سائنس فیسٹیول میں ضلع فیصل آباد کے 200 سرکاری اور نجی اسکولز سے 6 ہزار سے زائد طلبہ شرکت کر رہے ہیں، جس کے دوران 255 سے زائد سائنسی ماڈلز پیش کیے جائیں گے۔

اس فیسٹیول میں بڑی تعداد میں طالبات بھی شرکت کر رہی ہیں۔

اس فیسٹیول میں بڑی تعداد میں طالبات بھی شرکت کر رہی ہیں—فوٹو/ بشکریہ الف اعلان

سائنس فیسٹیول میں روبوٹکس، معذور بچوں کے لیے سینسرز، اسمارٹ لائٹننگ کنٹرول سسٹم، کپڑوں کی تیاری کے دوران خرابی کی نشاندہی کرنے والا ڈیٹیکٹر، غذائی اجزاء کی جانچ کرنے والا آلہ اور سیکیورٹی ڈورز سمیت دیگر سائنسی ماڈلز پیش کیے گئے ہیں۔

فیسٹیول میں ایک نجی اسکول کے طلبہ کی جانب سے تیار کیا گیا منی ڈرون بھی نمائش کے لیے رکھا گیا ہے، جو کچھ کلومیٹر کے فاصلے تک کسی بھی فرد کو ضرورت کے وقت ادویات اور دیگر امدادی سامان پہنچا سکتا ہے۔ ان طلبہ کی خواہش ہے کہ اس ڈرون کو اسپتالوں میں استعمال کیا جائے۔

فیسٹیول میں طلبہ کے تیار کردہ بہت سے سائنسی ماڈلز رکھے گئے ہیں—۔فوٹو/ بشکریہ الف اعلان

نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد  کے طلبہ کی جانب سے فیشن اور لائف اسٹائل پروڈکٹس بھی نمائش میں رکھی گئی ہیں، جو انہوں نے استعمال شدہ اشیاء کو ری سائیکل کرکے تیار کی ہیں، جس کا مقصد سرسبز ماحول کے حوالے سے شعور پیدا کرنا ہے۔

8 سائنسی آرگنائزیشنز بھی فیسٹیول میں شرکت کر رہی ہیں، جن میں سبق، اے ذی کورپ، سائنس فیوز، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن، خوارزمی سائنس سوسائٹی، اسٹیم وژنز، لرن و بوٹس اور لاہور آسٹرونومی سوسائٹی شامل ہیں۔

فیسٹول کا مقصد طلبہ میں سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں دلچسپی کو بڑھانا اور ان کی صلاحیتوں میں اضافہ ہے—۔فوٹو/ بشکریہ الف اعلان

اس فیسٹیول کا انعقاد ڈپٹی کمشنر سلمان غنی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خالد فاروقا، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ فیصل آباد، روشن کنارا اور پاکستان الائنس فار میتھس اینڈ سائنس کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔

فیصل آباد سائنس فیسٹول جمعہ (4 مئی) تک جاری رہے گا، جس میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کرسکتے ہیں۔