06 مئی ، 2018
معروف اداکار جاوید شیخ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم "وجود" میں پہلی مرتبہ سپر اسٹار ندیم، شاہد اور جاوید شیخ ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
فلم ’وجود‘ جاوید شیخ کی ہدایتکاری میں بننے والی آٹھویں فلم ہے جو عید الفطر پر ریلیز ہوگی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید شیخ نے بتایا کہ یہ ایک بہترین فیملی فلم ثابت ہوگی جس میں تھرل، ایکشن اور انٹرٹینمنٹ سب ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ فلم ’وجود‘ سے اس بار عیدالفطر کا مزہ دوبالا ہوجائے گا کیونکہ یہ فلم لوکیشن کے حوالے سے بھی کافی اچھی ہے۔
جاوید شیخ نے بتایا کہ فلم کا ٹریلر ایک دو روز میں جاری کردیا جائے گا جو مداحوں کو ضرور پسند آئے گا، فلم کی خاص بات یہ ہے کہ پہلی بار وہ اداکار ندیم اور شاہد کے ساتھ سلور اسکرین پر جلوہ گر ہونگے جو فلم بینوں کے لیے خوش آئند ہوگا۔
اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ فلم کی پوری کاسٹ نے بھرپور محنت کی ہے جس میں ندیم، شاہد سمیت اداکار دانش تیمور، سعیدہ امتیاز، فریحہ الطاف اور بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ بھی شامل ہیں۔
فلم کے اب تک دو ٹیزرز ریلیز ہو چکے ہیں لیکن کہانی واضح نہیں ہوئی ہے البتہ مرکزی کردار نبھانے والے اداکار دانش تیمور پائلٹ کے روپ میں نظر آرہے ہیں جب کہ اداکار جاوید شیخ منفی کردار نبھاتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔