دنیا
Time 09 مئی ، 2018

امریکا کبھی جوہری معاہدے سے مخلص ہی نہیں تھا، ایران

امریکی صدر کا اعلان عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے،امریکا نے ہمیشہ ایٹمی معاہدے سے متعلق جھوٹ بولا، ایرانی صدر— فوٹو: ارنا

ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا اعلان عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے۔

حسن روحانی نے ٹرمپ کے اعلان کے بعد قوم سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر عمل کیا البتہ امریکا کبھی جوہری معاہدے سے مخلص ہی نہیں تھا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ امریکا نے ہمیشہ ایٹمی معاہدے سے متعلق جھوٹ بولا اور بغیر کسی ثبوت کے ہمیشہ ایران کی مخالفت کی۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے جوہری معاہدے پر عمل کیا اور اس کی تصدیق عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے بھی کی، ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ خلافی کی ہے۔

حسن روحانی نے کہا ہے کہ دنیا کے ساتھ تعمیری تعلقات ایرانی خارجہ پالیسی کی اساس ہے اور امریکا کی جانب سے ممکنہ پابندیوں کے باوجود ایران ترقی جاری رکھے گا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران دیگر ممالک سے ایٹمی معاہدہ جاری رکھے گا، یورینیم کی افزودگی شروع کرنے سے پہلے اتحادیوں سےمشورہ کریں گے، کچھ ہفتوں میں یورینیم کی افزودگی شروع کرسکتے ہیں، ٹرمپ کو ایرانی قوم اور معیشت پر دباؤ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

حسن روحانی نے کہا کہ روس اور چین کو آگے آنا ہوگا، ایٹمی معاہدے سے متعلق دیگر ممالک کے ردعمل کا انتظار ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرتے ہوئے دوبارہ اقتصادی پابندیاں عائد کرنے اکا علان کیا ہے۔

مزید خبریں :