گوگل نے مصنوعی ذہانت کا حامل ڈیجیٹل اسسٹنٹ متعارف کروا دیا

ماؤنٹ ویو میں منعقدہ سالانہ ڈیولپرز کانفرنس کے دوران گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے ڈیجیٹیل اسسٹنٹ متعارف کروانے کا اعلان کیا—۔

ماؤنٹ ویو: مقبول سرچ انجن گوگل نے ایک نیا آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹول متعارف کروایا ہے، جس کی مدد سے صارفین اپنے اسمارٹ فون سے منسلک ہوئے بغیر بھی ہوٹل اور ریسٹورنٹس کی بکنگ جیسے روزمرہ کے کام انجام دے سکیں گے۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ماؤنٹ ویو میں منعقدہ سالانہ ڈیولپرز کانفرنس کے دوران گوگل کے سی ای او سندر پچائی نے اعلان کیا کہ سرچ انجن کا مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کا حامل 'ڈیجیٹیل اسسٹنٹ' لوگوں کو ان کے روزمرہ کے کاموں کی جھنجھٹ سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس موقع پر سندر پچائی نے ایک ریکارڈنگ چلائی، جس میں گوگل اسسٹنٹ خودکار انداز میں ایک ہیئر سیلون اور ریسٹورنٹ کو کال کرکے بکنگ کرواتا ہوا سنا گیا۔ یہ اسسٹنٹ اسٹاف کے ساتھ اتنی مہارت سے گفتگو کرتا ہے کہ  کسی کو احساس تک نہیں ہو پاتا کہ وہ کسی حقیقی صارف کے بجائے ایک مصنوعی ذہانت کے حامل سافٹ ویئر سے گفتگو کر رہا ہے۔

بس اس کے لیے کرنا صرف یہ ہے کہ گوگل اسسٹنٹ کو بتادیں کہ شام 6 بجے آپ کے لیے فلاں ریسٹورنٹ میں ایک ٹیبل بک کروانی ہے، آپ کا گوگل اسسٹنٹ خود ہی مطلوبہ ہوٹل میں فون کرے گا اور بالکل انسانی آواز اور انداز میں بات کرتے ہوئے آپ کی بکنگ کروا دے گا اور پھر آپ کو تفصیلات میسج کے ذریعے بھیج دے گا۔

گوگل کی جانب سے ابھی کچھ عرصہ تک ڈیجیٹل اسسٹنٹ میں بہتری کے حوالے سے کام جاری ہے۔

سندر پچائی کے مطابق 'ہم میں سے بہت سے لوگ اس بات سے خوفزدہ رہتے ہیں کہ اگر اپنے اسمارٹ فون سے منسلک نہ رہے تو ہم بہت ساری چیزیں یا کام نہیں کر پائیں گے، یہی وجہ ہے کہ گوگل اسسٹنٹ کو متعارف کروایا گیا ہے تاکہ لوگ اپنی ڈیجیٹل اور حقیقی موجودگی میں توازن برقرار رکھ سکیں'۔

گوگل کا 'شش' موڈ

دوسری جانب گوگل اپنے اینڈرائیڈ موبائل سافٹ ویئرز میں ایک 'شش' (shush) موڈ بھی معارف کروانے کا ارادہ رکھتا ہے، جس کی مدد سے اسمارٹ فونز 'ڈسٹرب مت کریں' موڈ میں چلے جائیں گے۔

سندر پچائی کے مطابق یو ٹیوب صارفین کو بھی ایک 'پوپ اپ' میسج موصول ہوگا، جس کے ذریعے انہیں آگاہ کیا جائے گا کہ آپ بہت دیر سے ویڈیوز دیکھ رہے ہیں، تھوڑا آرام کرلیں۔


مزید خبریں :