دنیا
Time 12 مئی ، 2018

ملائشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد

نجیب رزاق پر اربوں ڈالر لوٹنے اور کرپشن کے الزامات ہیں: فوٹو/ فائل

کوالالمپور: ملائشیا کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کے ملک سے باہر جانےپر پابندی عائد کردی۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے مطابق ملائشیا کے حالیہ انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والے سابق وزیراعظم نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ کے ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

نجیب رزاق پر اربوں ڈالر لوٹنے اور کرپشن کے الزامات ہیں  اور کرپشن الزامات کا سامنا کرنے والی حکومت کو مختلف مواقع پر عوامی احتجاج کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔

میڈیا رپورٹس کےمطابق ہفتے کے روز ملائشین امیگریشن حکام نے نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ کے بیرون ملک جانے پر پابند عائد کی۔

بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کیے جانے پر نجیب رزاق نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ بیرون ملک چھٹیوں کی منصوبہ بندی کررہے تھے اور انہیں آئندہ ہفتے ہی واپس آنا تھا۔

سابق ملائشین وزیراعظم نےکہاکہ وہ پہلے ہی یہ بتاچکے تھے کہ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ انہیں اور اہل خانہ کو بیرون ملک روانگی کی اجازت نہیں دے گا۔

نجیب رزاق کا کہنا تھا کہ وہ امیگریشن حکام کی ہدایات کا احترام کرتے ہیں اور اپنے اہل خانہ کے ہمراہ ملک میں ہی رہیں گے۔

واضح رہےکہ ملائشیا کے عام انتخابات میں سابق وزیراعظم مہاتیر محمد کو تاریخی کامیابی حاصل ہوئی جس کےبعد انہوں نے ملائشیا کے نئے وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔

حلف اٹھانے کےبعد مہاتیر محمد نے اعلان کیا کہ وہ ملک سے لوٹے گئے ملین ڈالرز کو واپس لائیں گے۔

مزید خبریں :