آج رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا قوی امکان، کراچی میں پہلا ہفتہ بھی گرم ہوگا

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل کراچی میں ہوگا: فوٹو/ فائل

کراچی: محکمہ موسمیات نے ملک میں آج رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ظاہر کیے ہیں جب کہ کراچی میں رمضان کا پہلا ہفتہ گرم ہونے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی زیر صدارت ہوگا۔

غروب آفتاب کے بعد چاند 61 منٹ تک آسمان پر رہےگا: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں آج رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات خالد محمود کے مطابق سندھ، بلوچستان اور پنجاب میں مطلع صاف ہونے کے باعث چاند دکھائی دے گا، خیبر پختون خوا اور اسلام آباد میں موسم ابرآلود ہوگا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان کے چاند کی پیدائش 15 مئی کوشام 4 بج کر 49 منٹ پر ہو جائے گی، 16 مئی کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے 45 منٹ ہوگی، آج کراچی میں غروب آفتاب 7 بج کر10منٹ پر ہوگا، چاند غروب آفتاب کے بعد 61 منٹ تک آسمان پر موجود رہے گا، رات 8بج کر 11منٹ پر یکم رمضان کا چاند غروب ہو جائے گا۔

کراچی میں رمضان کا پہلا ہفتہ گرم رہنے کی پیشگوئی

دوسری جانب محکمہ موسمیات کےمطابق کراچی میں رمضان کا پہلا ہفتہ گرم رہنے کا امکان ہے، پہلے ہفتے میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ رمضان کے پہلے ہفتے میں شمال مغربی ہوائیں چل سکتی ہیں، کراچی میں شام کے اوقات میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

علاوہ ازیں سعودی عرب اور دیگر ممالک میں رمضان المبارک کاچاند نظر نہیں آیا جس کے بعد ان ممالک میں پہلا روزہ جمعرات 17 مئی کو ہوگا۔

مزید خبریں :