Time 15 مئی ، 2018
دنیا

فلسطینیوں پر مظالم: ترکی کی پاکستانی وزیراعظم کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت

ترکی نے18 مئی کوغزہ کی صورتحال پراوآئی سی کاغیرمعمولی اجلاس بلایاہے— فوٹو: فائل 

ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے غزہ کی صورتحال پر ہونے والے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں پاکستانی وزیراعظم کو شرکت کی دعوت دی ہے۔

ترکی نے 18 مئی کو غزہ کی صورتحال پر او آئی سی کا غیر معمولی اجلاس بلایا ہے جس میں شرکت کے لیے ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے پاکستانی ہم منصب شاہد خاقان عباسی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔

ترک وزیراعظم نے شاہد خاقان عباسی کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسرائیلی غاصب فوج کے ظلم و تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے فلسطینوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے اور ہر فورم پر ان کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ گزشہ 2 روز سے امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس منتقلی پر غزہ میں احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ سے جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔

شہداء میں 16 معصوم بچے بھی شامل ہیں جب کہ 2700 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :