رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، آج ملک بھر میں پہلا روزہ ہو گا


کراچی: رمضان المبارک سن 1439 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے جس کے بعد پاکستان میں پہلا روزہ آج بروز جمعرات ہو گا۔

مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوئے جہاں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔

رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن نے کیا۔

بھارت، سعودی عرب، خلیجی ریاستوں اور یورپ میں بھی آج رمضان کا پہلا روزہ رکھا جائے گا جبکہ بنگلہ دیش میں رمضان کا چاند نظر نہیں آیا اور وہاں پہلا روزہ جمعے کے روز ہوگا۔

چاند نظر آنے کا علان ہوتے ہوئی ملک بھر میں نماز تراویح کا آغاز ہوگیا جبکہ سحری کی تیاریاں بھی شروع کردی گئیں۔

رمضان المبارک کے چاند کی شہادتیں کہاں کہاں سے موصول ہوئیں

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں سے رمضان المبارک کے چاند کی شہادتیں موصول ہوئیں اور بروز جمعرات 17 مئی پاکستان میں پہلا روزہ ہو گا۔

مفتی منیب الرحمان نے بتایا کہ چاند کی شہادتیں دیر، بونیر، نتھیا گلی، کوئٹہ اور ایبٹ آباد سے موصول ہوئی جن کی تصدیق کے بعد متفقہ طور پر رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا فیصلہ کیا گیا۔

رمضان کے دوران بینکوں کے اوقات

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رمضان المبارک کے دوران بینکوں کے اوقات کار کی تفصیلات جاری کردیں۔

مرکزی بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رمضان کے مہینے میں تمام بینکس پیر تا جمعرات صبح 8 بجے سے 2 بجکر 15 منٹ تک بغیر کسی وقفے کے کھلے رہیں گے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق جمعہ کے روز تمام بینک 8 بجے سے ساڑھے 12 بجے تک بغیر کسی وقفے کے کھلے رہیں گے۔

اس کے علاوہ عوامی لین دین کے لیے پیر تا جمعرات تمام بینکس صبح 8 بجے سے دوپہر پونے 2 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ کے روز تمام بینکوں میں عوامی لین دین صبح 8 بجے سے ساڑھے12 بجے تک جاری رہے گی۔

اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق رمضان المبارک کے بعد تمام بینک خود ہی رمضان سے پہلے والے اوقات کار پر واپس آجائیں گے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق ماہ رمضان کے چاند کی پیدائش گزشتہ شام 4 بجکر 49 منٹ پر ہوچکی تھی اور بدھ کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے 45 منٹ تھی۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان المبارک کے پہلے ہفتے میں موسم کے گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور پہلے ہفتے میں درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ رمضان کے پہلے ہفتے میں شمال مغربی ہوائیں چل سکتی ہیں تاہم کراچی میں شام کے اوقات میں سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔



مزید خبریں :