Geo News
Geo News

Time 18 مئی ، 2018
پاکستان

ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیزی: بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

قائم مقام سیکریٹری خارجہ نے احتجاجی مراسلہ بھارتی ہائی کمشنر کے حوالے کیا: فوٹو/ فائل

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی فوج کی ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کے نتیجے میں شہریوں کی شہادت پر بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا۔

بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 شہری شہید اور 10 زخمی ہوگئے جب کہ شہداء میں 3 بچے اور ایک خاتون شامل ہیں۔

جیونیوز کےمطابق دفترخارجہ نے بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ پر بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے واقعے پر احتجاج کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق قائم مقام سیکریٹری خارجہ نے بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ سے شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔

احتجاجی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چپڑار، ہرپال، پُکھلیاں اور شکر گڑھ سیکڑ میں بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، بھارتی افواج نےسیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی اور شہری آبادی کونشانہ بنایا۔

مراسلے مزید کہا گیا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے لہٰذا بھارت سیز فائر معاہدے کا احترام کرے۔

احتجاجی مراسلے میں بھارت کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی خطے کے امن کے لیے خطرناک قرار دیا گیا ہے۔